کنداپور، 6؍ جون (ایس او نیوز) ایڈاموگے گرام پنچایت صدر پرانیش یڈیال کی کار ٹکرانے کی وجہ سے اسی گاوں اودئے گانیگا (45 سال) نامی شخص ہلاک ہوگیا ہے، جس کے بعد شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ محض حادثہ نہیں ہے بلکہ آپسی رنجش کے نتیجہ میں منصوبہ بند طریقہ سے کیا گیا ایک قتل ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق کل شام 8 بجے اودئے گانیگا اپنے گھر کے سامنے کھڑا تھا اس وقت پنچایت صدر پرانیش کی کار وہاں پہنچی اور اس نے اودئے کو ٹکر کر مار کر سڑک پر گرا دیا۔ اس کے بعد پرانیش اپنی کار چھوڑ کر موقع پر سے فرار ہوگیا۔ جائے وقوع پر موجود لوگوں نے 108ایمبولینس طلب کرلی اور زخمی اودئے کو اسپتال میں منتقل کرنے کی کوشش کی مگر اس نے راستے میں ہی دم توڑ دیا۔
بتایا جاتا ہے کہ اودئے نے گرام پنچایت میں نافذ کیے گئے لاک ڈاون کے سلسلے میں سوالات اٹھاتے ہوئے دو دن پہلے اپنے سوشیل میڈیا اکاونٹ پر اسٹیٹس اپ لوڈ کیا تھا اور عہدے اور منصب فائز افراد کو اپنے اقتدار کا غلط استعمال نہ کرنے اور پبلسٹی سے باز رہنے کا مشورہ دیا تھا۔ اس کے علاوہ سرکار کی طرف سے موصول ہونے والے فنڈ کا غلط استعمال نہ کرنے کی بھی بات کہی تھی۔
اس واقعہ پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے سریکانت نے کہا کہ یہ یڈیال اور گانیگا کے درمیان آپسی رنجش کا معاملہ ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ یہ حادثہ نہیں ہے بلکہ منصوبہ بند طریقے سے کیا گیا قتل ہے۔ اس لئے دفعہ 302 کے تحت پرانیش کے خلاف کیس درج کیا جائے گا۔